جواب:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد لله رب العالمين، والعاقبة للمتقين، وصلى الله وسلم على عبده ورسوله نبينا محمد، وعلى آله وصحبه أجمعين.
تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو سارے جہان کا رب ہے، اور پرہیزگاروں کے لئے نہایت ہی عمدہ انجام ہے، اور درود وسلام نازل ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر جو اللہ کےبندےاور رسول ہیں ، اما بعد!
شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ ابن باز رحمہ اللہ نے فرمایا:
یہ مختصر ایسی باتیں ہیں جن کا تعلق دین اسلام سے ہے اور جن کا جاننا عام لوگوں کے لیے نہایت ہی ضروری ہے، اسی لیے میں نے اس کا نام رکھا ہے "الدروس المهمة لعامة الأمة" (عام مسلمانوں کے لئے اہم اسباق)۔دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی اس کتاب کو مسلمانوں کے لیے نفع بخش بنائے، اور اس کو میری جانب سے قبول فرمائے، یقینا وہ نہایت سخی اور کرم کرنےوالا ہے۔
عبدالعزیز بن عبداللہ ابن باز
ہم یہ اسباق کیوں پڑھیں؟
اس لیے کہ یہ بہت اہم اسباق ہیں جیسا کہ مؤلف رحمہ اللہ نے اس کا نام رکھا ہے، اور علماء نے اسے پڑھنے کی نصیحت بھی کی ہے۔
اگر کوئی یہ کہے کہ: ہاں یہ اہم ہے لیکن امت کےعام افراد کے لیے ہے اور میں طالب علم ہوں، میرا درجہ عوام الناس کے درجے سے اوپر ہے!
جواب:
تو پھر ہم اس سے کتاب کے موجودہ اسباق سے سوال کریں گے، اگر جواب نہ دے سکے تو عام افراد اس سے بہتر ہیں، نیز طالب علم کے لیے ضروری ہے کہ تواضع اختیار کرے، علم اور علماء کے تعلق سے تکبر نہ کرے، اور علماء ربانیین کے نقش قدم پر چلے۔"صحیح بخاری"میں ہے: امام مجاہد رحمہ اللہ نے فرمایا:” شرم اور تکبر کرنے والا علم حاصل نہیں کرسکتا “۔