چوتھا رکن:رسولوں پر ایمان
اس بات پر ایمان لانا ضروری ہے کہ تمام رسول انسان ہیں ان میں ربوبیت کی کوئی خصوصیت موجود نہیں،اور وہ سب کےسب بندے ہیں ان کی عبادت نہیں کی جاسکتی، اللہ نے انہیں رسول بنا کر بھیجا اور ان کی جانب وحی فرمائی اور آیات (نشانیوں) معجزوں کے ذریعے ان کی تائید کی،انہوں نے امانت کو پورے طور ادا کردیا، امت کو نصیحت فرمادی اور دین پہنچا دیا اور اللہ کی راہ میں جہاد کا حق اداکردیا۔
ہم ان پر ایمان لاتے ہیں اور ان باتوں پربھی اجمالی وتفصیلی ایمان لاتے ہیں جو اللہ نے ہمیں ان کے ناموں،صفتوں اور خبروں کے بارے میں بتایا،اور یہ کہ پہلے نبی آدم علیہ السلام ہیں،پہلے رسول نوح علیہ السلام ہیں اور آخری نبی رسول محمد ﷺ ہیں، اور یہ کہ پچھلی تمام شریعتیں شریعت محمدﷺ سے منسوخ ہوچکی ہیں۔ اوراولوالعزم رسول پانچ ہیں جن کا ذکر دو سورتوں شوریٰ اور احزاب میں کیا گیاہے:(محمدﷺ،نوح علیہ السلام،ابراھیم علیہ السلام،موسی علیہ السلام اور عیسی علیہ السلام)۔