نمازکی سنتیں
نماز کی سنتیں یہ ہیں:
۱۔دعاء استفتاح[ثنا]
۲۔ قیام کی حالت میں دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر رکھ کر سینے پر ہاتھ باندھنا۔
۳۔ رفع یدین کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہاتھوں کو دونوں کاندھوں [مونڈھوں]یا دونوں کانوں تک اس طرح اٹھائے کہ دونوں ہاتھوں کی انگلیاں ملی ہوں اور ہتھیلیاں پھیلی ہوں۔اور رفع الیدین کی یہی کیفیت رکوع میں جاتے وقت، رکوع سے اٹھنے کے بعد اور تیسری رکعت کے لیے تشہد سے اٹھنے کے بعد ہوگی۔
۴۔رکوع اور سجدے میں ایک مرتبہ سے زیادہ تسبیح پڑھنا۔
۵۔رکوع سے اٹھنے کے بعد رَبَّنَا وَلَكَ الحَمْدُ سے زائد الفاظ کا پڑھنا۔دو سجدوں کے درمیان والی دعا میں " رب اغفرلي "کو ایک مرتبہ سے زیادہ پڑھنا۔
۶۔رکوع کی حالت میں سر کو پیٹھ کے برابر رکھنا۔
۷۔سجدے کی حالت میں دونوں بازؤں کو دونوں پہلؤں سے، پیٹ کو دونوں رانوں سے اور دونوں رانوں کو دونوں پنڈلیوں سے جدا رکھنا۔
۸۔سجدے کی حالت میں دونوں ہاتھوں کو زمین سے الگ رکھنا۔
۹۔تشہد اول اور دو سجدوں کے درمیان دائیں پاؤں کو کھڑا کرکے بائیں پاؤوں کو بچھا کر ان پر بیٹھنا۔
۱۰۔تین اور چار رکعتوں والی نماز کے آخری تشہد میں تورک کرنا۔یعنی مقعد [کولہے]پر بیٹھنا اس طرح کہ بایاں پاؤں دائیں پا ؤں کے نیچے ہو اور دایاں پا ؤں کھڑا ہو۔
۱۱۔پہلے اور دوسرے تشہد میں شروع سے آخر تک دعا کے وقت شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنا اور حرکت دینا۔
12۔پہلے تشہد میں محمد ﷺ پر اور آپ ﷺ کےآل واصحاب اور ابراہیم علیہ السلام ، اوران کے آل پر درود پڑھنا۔
13۔آخری تشہد میں دعا کا پڑھنا۔
14۔فجر،جمعہ،عیدین اوراستسقا کی نمازوں میں اورنماز مغرب و عشا کی پہلی دورکعتوں میں جہری قراءت کرنا۔
15۔نماز ظہر و عصر اور مغرب وعشاء کی آخری دورکعتوں میں سری قراءت کرنا۔
16۔سور ۃ فاتحہ کے ساتھ دیگر قرآنی آیتوں کی تلاوت کرنا۔
مذکورہ بالا سنتوں کے علاوہ دیگر سنتوں کی بھی رعایت واہتمام کرنا،جیسے:امام،مقتدی اور منفر د کارکوع سے اٹھنے کے بعد رَبَّنَا وَلَكَ الحَمْدُ میں وارد شدہ الفاظ کا اضافہ کرنا۔اسی طرح حالت رکوع میں دونوں ہتھیلیوں کی انگلیاں کشادہ کرکے گھٹنوں پر رکھنا۔
استفتاح کی دعا:
یہ دعا نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد پڑھی جاتی ہے اس بابت ایک سے زائد دعائیں وارد ہیں، جیسے: اللَّهُمَّ بَاعِدْ بَيْنِي وَبَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ الْمَشْرقِ وَالْمَغْرِبِ، اللَّهُمَّ نَقِّنِي مِنَ الْخَطَايَا كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْأَبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اللَّهُمَّ اغْسِلْنِي مِنْ خَطَايَايَ بِالْمَاءِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرَدِ .
ترجمہ:اے اللہ میرے اور میرے گناہوں کے درمیان دوری پیدا کردے،جیسے تونے مشرق اور مغرب کے درمیان دوری پیدا فرمائی ہے۔اے اللہ مجھے میرے گناہوں سے پاک کردے جس طرح سفید کپڑا میل سے صاف کیا جاتا ہے۔اے اللہ مجھ کو میرے گناہوں سے برف، پانی اور اولوں کے ساتھ دھودے۔
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ، وَتَبَارَكَ اسْمُكَ، وَتَعَالَى جَدُّكَ، وَلَا إِلَهَ غَيْرُكَ.
ترجمہ:اے اللہ میں تیری حمد کے ساتھ تیری پاکیزگی بیان کرتا ہوں اور تیرا نام بہت بابرکت ہے اور تیری شان بڑی بلند ہے اور تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔